سرسی ،14 / جون (ایس او نیوز) ہیسکام کی طرف سے دو سے تین گُنّا اضافے کے ساتھ مئی کے مہینے کا جو بجلی صارفین کو دیا گیا ہے اس کے خلاف احتجاج کرتے ہوئے سمگرا ابھیوردّی ویدیکے کی جانب سے ہیسکام کے افسر اور اسسٹنٹ کمشنر کومیمورنڈم دیا گیا ۔
ویدیکے کے چیرمین پرمانند ہیگڈے نے بتایا کہ بجلی صارفین صرف 50% بل ہی ادا کریں گے ، کیونکہ اس طرح بے تحاشہ اضافے والا بل ادا کرنا عوام کے لئے ممکن نہیں ہے ۔ اس کے علاوہ بجلی کے نرخ میں اضافے کے تعلق سے عوام کو شفاف طریقے سے جانکاری نہیں دی جا رہی ہے ۔ ہیسکام والے اپنی ذمہ داری ادا کرنے میں ناکام ہوگئے ہیں ۔
پرمانند نے کہا کہ بل میں کم از کم مقررہ چارج بھی بڑھا دیا گیا ہے۔ جرمانہ، سود، ٹیکس، ٹول، فیول ایڈجسٹمنٹ چارج (ایف اے سی)، اور بقایات وغیرہ کے نام سے جو رقم تازہ اضافوں کے ساتھ درج کی گئی ہے وہ صارفین کی جیب پر بھاری پڑ رہی ہے ۔ اس لئے فوری طور پر حکومت کو اس معاملے میں مداخلت کرتے ہوئے بجلی صارفین کو راحت اور انصاف دلانا چاہیے ۔ تب تک اس مہینے کے بل میں سے صرف 50% رقم ہی ادا کی جائے گی ۔
اس موقع پر ہیسکام کے ایکزیکٹیو انجینئر سنیل کمار اور اسسٹنٹ کمشنر دیوراج آر موجود تھے ۔